کراچی (یو این پی)اداکار فیروز علی خان کی شادی نے پاکستانی سوشل میڈیا پر اداکارہ سجل علی کی شادی کے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے کیونکہ بہت سے پرستار اپنے تئیں ان دونوں فنکاروں کی جوڑی بنائے پھرتے تھے۔ ایسے میں سجل علی نے خود شادی کے موضوع پر ایک ایسی رائے کا اظہار کر دیا ہے کہ ان کے بہت سے پرستار بھی حیران رہ گئے ہیں۔ویب سائٹ سجل علی نے اپنی ایک حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ میں شادی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے لکھا ”میں شادی اور رشتہ پریڈ سے بہت ڈرتی ہوں۔ اگر آپ کسی سے محبت کرتے ہیں تو اس کے لئے اپنی شناخت کھودینا غلط بات ہے۔“ سجل کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث کا آغاز کر دیا ہے۔ ان پر تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ شادی کا یہ مطلب کیسے ہوا کہ آپ کی شناخت کھوجاتی ہے۔ آپ جس کے ساتھ محبت کرتے ہیں شادی کرکے اس کے ساتھ زندگی گزارنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ کی شناخت ختم ہوگئی ہے۔ دوسری جانب اداکارہ کی حمایت میں بولنے والوں کی بھی کمی نہیں۔ ان لوگوں کا کہنا ہے کہ سجل دراصل ہمارے ہاں شادی بیاہ کے فرسودہ رسوم و رواج کی جانب اشارہ کررہی ہیں جن میں اکثر لڑکیوں کو تکلیف دہ حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہیں لڑکے والوں کے سامنے یوں پیش کیا جاتا ہے گویا وہ انسان نہیں بلکہ کوئی بے جان چیز ہوں جس کا خریداری کے لئے معائنہ کیا جارہا ہو۔ رشتہ پریڈ کے الفاظ سے بھی غالباً سجل کی یہی مراد ہے، یعنی دراصل وہ شادی کے خلاف نہیں ہیں بلکہ شادی کے نام پر ہمارے ہاں جو کچھ ہوتا ہے اس پر تنقید کر رہی ہیں۔