پشاور(یواین پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رکن قومی اسمبلی سراج خان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔پشاور میں مسلم لیگ(ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی رہائشگاہ پر سراج خان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی، جاوید عباسی، سر انجام خان اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔سراج خان نے پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے، جو پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرسکتی ہے۔سراج خان نے مزید کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہی کارنامہ ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے سراج خان کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور عوام کا وقت ضائع کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا، خیبرپختونخوا میں 5 سال عوام کی خدمت نہ کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) ایک بڑی اور مضبوط سیاسی جماعت ہے اور پارٹی کی جڑیں عوام میں گہری ہیں۔