لاہور(یوا ین پی)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر تنقید کر نے والے کاغذی شیروں کے پاس جھوٹ اور دروغ گوئی کے سوا بیچنے کو کچھ نہیں ،شریف برادران کے جھوٹے نعرے اور کھوکھلے نعرے نواز لیگ کی کرپشن چھپا نہیں سکتے اب پاکستانی قوم فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے اور اب انشا اللہ ملک بھر میں تبدیلی آ کر رہے گی۔انہوں نے یہاں چیئرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلا ع کے پارٹی رہنماں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے اپنے بیانئے ایک دوسرے سے نہیں ملتے ان کی ریاست دشمنی پر مبنی پالیسی سے تنگ آ کر نواز لیگ کے اراکین اسمبلی ساتھ چھوڑنا شروع ہو گئے ہیں اور یہ سلسلہ آنے والے دنوں میں مزید تیز ہو جائے گا،عبدالعلیم خان نے کہا کہ مصنوعی ترقی کے نام پر جنوبی پنجاب کے خواب بیچنے والے بے نقاب ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ وفاق ہو یا پنجاب شریفوں نے میگا پراجیکٹس کے ذریعے کرپشن کا مال بنانے پر توجہ دی،غربت، بے روزگاری اور بیماری سمیت مسائل کے انبار تلے دبے جنوبی پنجاب کے بیشتر فلاحی منصوبوں کیلئے مختص 30ارب کے فنڈز اورنج ٹرین میں جھونک دیئے،سفید ہاتھی منصوبہ کسانوں کی سب سڈی کے 30ارب بھی کھاگیا،درجنوں ہسپتالوں کی تعمیرومرمت اور سہولیات کیلئے رکھی گئی رقم بھی اورنج ٹرین کی نذر ہوچکی اور لوگ علاج کیلئے دربدر ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپنی تجوریاں بھرنے کیلئے عوام کی بددعائیں لینے والوں کا اب اپنا چین اور سکون بھی چھن چکا ہے، صاف پانی سمیت جعلی کمپنیوں کی ففٹی مکمل کرتے ہوئے مال بنانے والے احتساب سے خوفزدہ ہوکر جمہوریت کے نام پر تماشہ کررہے ہیں لیکن اب عوام کو بے وقوف بنانے کا دور نہیں رہا، انہوں نے کہا کہ شکست وریخت کا شکار نواز لیگ کی کرچیاں بکھرنے لگی ہیں،دوبارہ اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنے والے کرپٹ ٹبر کو پہلے کرپشن کا حساب اور عوام کو جواب دینا ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نے چوروں اور لٹیروں کو بے نقاب کرکے اپنا حق ادا کردیا ہے اب عوام کو ووٹ کی طاقت سے شریفوں کی بساط لپیٹ کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے۔