جدہ (زکیر احمد بھٹی) پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر سعودی عرب کے خیر سگالی دورے پر ہے عالمگیر کے کمانڈر آفیسر تصور اقبال نے، سعودی بحریہ کے افسران،دوست ممالک کے کونسل جنرلز، ڈپلومیٹس اور پاکستان کمیونٹی کےچیدہ چیدہ نمائندوں کے اعزاز میں ایک استقبالیہ اور ڈنر کا اہتمام کیا. پاکستان قونصلیٹ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے.استقبالیہ اور ڈنر کا اہتمام بحری جہاز کے ڈیک پر کیا گیا تھا۔ کموڈور محمد سعید نے سعودی رائل بحریہ کی نمائندگی کی۔
کمانڈنگ آفیسر نے مہمانوں کو بحری جہاز آمد پر خوش آمدید کہا. اپنے خطاب میں انہوں نے سعودی حکومت کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا. انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے لئے ہر پاکستانی اپنے دل میں ایک خاص جگہ رکھتا ہے. انہوں نے سعودی حکومت کا بحری بیڑے کے افسران اور سپاہیوں کو عمرہ کی سعادت دینے پربھی شکریہ ادا کیا۔
کیپٹن تصور نے کہا کہ سعودی رائل بحریہ اور پاکستان بحریہ کے تعلقات کی انفرادیت یہ ہے کہ سعودی رائل بحریہ کے کئی سینئر افسران پاکستان نیول اکیڈمی کے گریجویٹ ہیں. اسی طرح سعودی رائل فورسز نے پاکستانی بحریہ کو باقاعدگی سے ٹریننگ کی سہولیات مہیا کی ہیں، اور یہی بنیاد ہمارے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
کیپٹن تصورنے کہا کہ پاکستان علاقے میں امن اور سلامتی کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے. اس استحکام کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی کو روکنے کے لئے، پاکستان بین الاقوامی حل کے لئے پرعزم ہے. بین الاقوامی اور علاقائی بحریہ کے تعاون سے پاکستان بحریہ کثیر قومی آپریشنوں میں حصہ لے رہا ہے جس میں کولیشن میری ٹائم مہم اور انسداد بحری قزاقی شامل ہیں۔ پی این ایس عالمگیر کی موجودہ تعیناتی حکومت کے اس بات کا عزم ہے کہ سمندری ماحول غیر قانونی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
بعد ازاں سعودی اور پاکستانی بحریہ اور قونصلیٹ کے افسران نے ملکر کیک کاٹا
پی این ایس عالمگیر سمندر میں مسلسل 50 دن رہنے کے بعد جدہ پورٹ کے چار روزہ دورے پر ہے