اسلام آباد(یواین۔پی) ادبی وثقافتی تنظیم ”اشارہ انٹرنیشنل“اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی اشتراک سے جشن بہاراں کے سلسلے میں عالمی مشاعرے کا این پی سی میں انعقاد کیا گیا۔ مشاعرے میں ممتاز اور نامور ملکی وبیرونی ممالک آباد شعراء، ادباء، دانشوروں، کالم نگاروں سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ہفتہ کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ ”سالانہ چوتھے عالمی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔صدارتی پینل میں ڈاکٹر کنول فیروز، شاہدہ لطیف، مشاعرے کی صدارت ڈاکٹر نظیر تبسم کے ذمے سونپی گئی۔محفل مشاعرے کی میزبانی شہباز چوہان نے کی۔ادبی وثقافتی تنظیم اشارہ انٹرنیشنل کے عہدیداروں میں چیئرمین جنید آزر، صدر علی یاسر، نائب صدر اطہر ضیاء اورجنرل سیکرٹری شہباز چوہان نے عالمی مشاعرے کے حوالے سے کہا کہ اس ادبی تنظیم کا مقصد پورے پاکستان سمیت بیرونی ملک آباد پاکستانی شعراء کو ایک پلیٹ فار م پر اکٹھے رکھنا ہے اور اپنی روایات کو زندہ رکھنا، پورے دنیا کو امن پسندی کاپیغام دینا ہے۔محفل مشاعرہ میں ممتاز ادیب، دانشور،کالم نگار اور صدر پاکستان کے مشیر فاروق عادل،جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر اور معروف ادیب،صحافی ،شاعر ایس۔اے۔صہبائی، سماجی شخصیت محترمہ راشدہ سہیل،علی اکبر عباس، یاسمین سحرامریکہ سے، انور جمال فاروقی ، نعیم حیدر برطانیہ، جمیل قمر کینیڈا ، ارشد سعید آسٹریلیا بدر سیماب کویت اور عبدالسلام عاصم ابوظہبی سمیت ملکی اور عالمی سطح پر اپنا لوہا منوانے والے ادبب،کالم نگار اور شاعر شریک ہوئے۔شعراء اورادباء نے محفل مشاعرے کو چار چاند لگادیئے اوراہل ذوق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ادبی تنظیم ”اشارہ انٹرنیشنل“ کے چیئرمین وصدر نے مزید کہا کہ اس سے پہلے تین عالمی مشاعرے منعقد کرچکے ہیں۔ جس میں افتخار عارف، آفتاب اقبال شمیم، ڈاکٹر احسان اکبر، پروفیسر جلیل عالی، رشید ساقی، سورج نرائن ،سیماب سمیت اہم شعرائے کرام شریک ہوئے تھے۔مشاعرے کے آخری مرحلے میں تقسیم اعزازات کے ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔۔ مشاعرے میں ملکی سطح پر کراچی، لاہور،پشاور،کوئٹہ،فیصل آباد، گلگت، بلتستان،آذاد کشمیر سمیت جڑواں شہروں کے شعراء کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔