کراچی(یوا ین پی)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ خود ساختہ ہے ،گیس کی کمی کا مسئلہ نہیں ہے، اگر وفاق حکومت سے معاملات نہیں سنبھل رہے تو ہمارے حوالے کر دیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کراچی میں پہلا مسئلہ امن و امان اور انفرااسٹرکچرکامسئلہ تھا، جو کچھ میں نے کہاتھا وہ پورا کیا، شہیدذوالفقاربھٹونے شارع فیصل کو بنایا تھا،ہم نے توسیع کی، واٹراینڈ سیوریج کی لائنیں بھی ٹھیک کی گئیں، طارق روڈ پر کام 40سال بعد ہوا ، یونیورسٹی روڈ کو مکمل کیا، بہترین سڑک تعمیر کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد سے کراچی والے نے خوب لطد اندوز کیا۔حالات پہلے کی نسبت بہت اچھے ہیں، بوہری کمیونٹی کے روحانی پیشوا کو میں نے دعوت دی تھی، پرنس کریم آغاخان بھی کراچی کاکامیاب دورہ کرکے گئے۔کراچی میں بجلی کے بحران کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پربات چیت جاری ہے، بجلی کے مسئلے پر وزیراعظم سے6مرتبہ بات چیت ہوچکی ہے، ایس ایس جی سی اورکے الیکٹرک کے آپس میں مسائل ہیں، دونوں اداروں کے مسائل کاخمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، ایس ایس جی سی کا 73 فیصد کنٹرول وفاقی حکومت کے پاس ہے۔ مراد علی شاہ نے کہاکہ ایک صاحب لندن میں دوسرے و اشنگٹن میں ہیں، کراچی کے لوگ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عذاب میں مبتلا ہیں، کے الیکٹرک بھی وفاق کے کنٹرول میں آتاہے، کے الیکٹرک میں سندھ حکومت کا کوئی حصہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کامسئلہ خود ساختہ ہے، گیس کی کمی کا مسئلہ نہیں، وفاقی حکومت سے کہتا ہوں کے الیکٹرک اورسوئی سدرن نہیں سنبھل رہے تو ہمارے حوالے کر دیں، لوگوں کولوڈشیڈنگ سے ترسانے کیلئے ایف آئی اے کواستعمال کیاجارہاہے، ایس ایس جی سی والے کہتے ہیں ایف آئی اے جیل میں ڈالنے کی دھمکی دیتی ہے۔