ریاض (یواین پی) سعودی عرب نے بدعات کے باعث جبل نور کی زیارت عمرہ وحج پیکج سے نکالنے کا حکم جاری کردیا ۔
سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے عمرہ اداروں وکمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ کوئی بھی عمرہ کمپنی جبل نور کی زیارت کو اپنے ٹریول پیکیج میں شامل نہ کرے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزارت حج نے تمام عمرہ کمپنیوں واداروں سے کہا ہے کہ وہ اس ہدایت کی وصولی سے آگاہ کرنے کا بھی اہتمام اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
مکہ مکرمہ گورنریٹ نے وزارت حج وعمرہ کو تحریر کردہ مکتوب میں اطلاع دی تھی کہ وزارت اسلامی امور، دعوت ورہنمائی نے جبل نور پر مشرکانہ سرگرمیوں کی بہتات سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔ کمیٹی کے ارکان نے اپنی سفارش کا جواز یہ کہہ کر پیش کیا کہ جبل نور پر ان دنوں جو کچھ ہونے لگا ہے وہ شرعا جائز نہیں ہے۔ وہاں زیارت کے لئے آنے والے لوگ اسلامی شریعت کے مقررہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔
سفارش کا ایک جواز یہ بھی دیا گیا ہے کہ جبل نور جانے والے زائرین میں سے بعض پہاڑ سے گر جانے کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، لہذا زائرین کو نقصان سے بچانے کیلئے بھی پابندی ناگزیر ہو گئی تھی۔