ریاض(یوا ین پی )سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ قطر کو شام میں امریکی افواج کی موجودگی کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ سعودی اخبار کے مطابق وزیر خارجہ عادل الجبیر نے فرانسیسی صدر اور امریکی صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ کے اس بیان کو بنیاد بناکر مذکورہ دعوی کیا ہے جس میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ قطر کو شام میں امریکی افواج کی موجودگی کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔اسے وہاں اپنی فوج روانہ کرنا پڑے گی۔ یہ کام امریکی صدر کی جانب سے قطر کے لئے امریکی تحفظ منسوخ کرنے سے قبل انجام دینا ہوگا۔ قطر میں امریکا کا فوجی اڈہ ہے جس سے قطر کو تحفظ حاصل ہے۔ الجبیر نے کہاکہ اگر امریکا نے قطر سے اپنا فوجی اڈہ ختم کردیا تو ایسی حالت میں ایک ہفتے کے اندر قطری حکومت کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔