اسلام آباد(یواین پی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار نے کہا ہےکہ کسی آزاد گروپ کا حصہ ہوں اور نہ کسی سے آرڈر لیتا ہوں۔پریس کانفرنس کی ابتدا میں چوہدری نثار نے صحافیوں کے سوالات لیے اور کہا کہ مجھے معلوم ہے آپ کیا پوچھیں گے آپ مسلم لیگ (ن) میں رہیں گے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں کسی آزاد گروپ کا حصہ نہیں ہوں اور نہ ہی کسی سے آرڈر لیتا ہوں، بڑے بڑے امتحانات آئے لیکن پارٹی نہیں چھوڑی، سیاسی فیصلے اپنی مرضی سے کرتاہوں، میڈیا آزاد ہے ، جس کی جو مرضی آئے چلا دیتا ہے ، دونمبر لوگوں کی باتوں میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہاکہ گروپ بنانے والے بھی اور لوگ ہوں گے ، میں ایسا نہیں, میں اپنی پارٹی سے ناراض نہیں ہوں ۔واضح رہے کہ چوہدری نثار اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کے درمیان تعلقات کئی ماہ سے ناخوشگوار ہیں، میاں شہبازشریف نے گزشتہ ماہ چوہدری نثار سے ملاقاتیں کی تھیں جس میں سابق وزیر داخلہ نے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔گزشتہ دنوں چوہدری نثار کی تحریک انصاف میں شمولیت کی افواہیں بھی زیر گردش تھیں تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔