کراچی(یواین پی ) پیپلز پارٹی نے نواز شریف کے بیان پر وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی سے وضاحت مانگنے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈ یا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی مشترکہ قیادت میں کراچی میں ہونے والے پارٹی کے اہم اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں اس حوالے سے وزیرِاعظم سے ان کا موقف بھی معلوم کیا جائے گا۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیرِاعظم نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں اپنے دئیے گئے موقف سے پارلیمنٹ کو آگاہ کریں جبکہ اس معاملے پر پیپلز پارٹی دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کرے گی۔ اجلاس میں شیری رحمان، نثار کھوڑو، خورشید شاہ اور دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔