لاہور (یواین پی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور خیبر پختونخوا، کے کئی علاقوں میں تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔دن بھر گرمی، شام میں تیز ہوائیں، آندھی چلی اور بادل برسنے سے گرمی رفوچکر ہو گئی۔ لاہور میں رات کو موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم سہانا کر دیا۔ شیخوپورہ، جھنگ، سرگودھا، چنیوٹ، پیر محل، گوجرہ، کوٹ مومن، جڑانوالہ، ننکانہ صاحب، پنڈی بھٹیاں، رینالہ خورد، دریا خان اور گردونواح میں موسلا دھار بارش ہوئی۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں پشاور، مانسہرہ، ٹانک اور کئی شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہونے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، پشاور اور کوئٹہ میں مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔