مسلم لیگ ن کو فیصل آباد سے بڑا جھٹکا،رکن قومی اسمبلی غلام رسول ساہی تحریک انصاف میں شامل

Published on May 17, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 577)      No Comments

فیصل آباد(یواین پی) سابق وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی کے بعد مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی جماعت کو چھوڑ کردیگر جماعتوں میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور اب تک درجن بھر لیگی رہنما پارٹی چھوڑ چکے ہیں جبکہ ن لیگ کے بڑے رہنما چوہدری نثار تاحال نواز شریف سے نارا ض ہیں اورتاحال دونوں رہنماﺅں کے درمیان معاملات طے نہیں پا ئے ہیں۔ایسی صورتحال میں مسلم لیگ ن کے ایک اور رکن قومی اسمبلی غلام رسول ساہی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔جہانگیر ترین کی ٹیم کے اکاؤنٹ سے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں عمران خان ،جہانگیر ترین اور غلام رسول ساہی بیٹھے ہوئے ہیں ۔ملاقات کے دوران رہنماﺅں میں موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اس دوران غلام رسول ساہی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔جہانگیر ترین کی ٹیم نے پیغام میں لکھا کہ جہانگیر ترین نے رمضان سے پہلے مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا دے دیا ۔جہانگیر ترین نے اپنے پرانے دوست اور فیصل آباد سے ن لیگ کے رکن اسمبلی غلام رسول ساہی کو تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے منا یا ۔واضح رہے کہ غلام رسول ساہی پرانے مسلم لیگی ہیں اور انہوں نے اپنی سیاست کا آغاز 1979 میں بلدیاتی انتخابات سے کیا اور تین مرتبہ ضلع کونسل کے چیئرمین رہے ،وہ کئی مرتبہ پنجاب اور قومی اسمبلی کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کر چکے ہیں ۔چوہدری غلام رسول ساہی نے 2002 اور 2008 کے انتخابات میں مسلم لیگ ق کی جانب سے الیکشن میں حصہ لیا تھا تاہم وہ 2008 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے طارق محمود باجوہ سے شکست کھا گئے تھے ،2013 کا انتخاب انہوں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر لڑا اور پیپلز پارٹی کے طارق باجوہ اور تحریک انصاف کے چوہدری فواد چیمہ کو شکست دے کر ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔کرنل(ر) غلام رسول ساہی سپیکر پنجاب اسمبلی بھی رہ چکے ہیں اور فیصل آباد میں ساہی خاندان کا سیاسی بنیادوں پر کافی اثر و رسوخ سمجھا جاتا ہے ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes