لاہور: (یواین پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف پر نندی پور پراجیکٹ اور میٹرو بس پراجیکٹ کے کیسز ہیں، یہ جب کھلیں گے تو کرپشن سامنے آجائے گی۔ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی۔لاہور کے نجی ہوٹل میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں جتنی کرپشن ہے اس پر چار پانچ نیب ہونے چاہئیں۔ سب ایم این اے اور ایم پی اے تو ٹھیکیدار بن چکے ہیں اور پیسے کما رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میرا صوبائی سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اس ماہ کے آخر تک حلقہ بندیاں بھی ہوجائیں گی۔ اگر زیادہ وقت لگتا ہے تو بھی کوئی مسئلہ نہیں۔ کچھ دنوں کے لیے انتخابات آگے ہونے سے قیامت نہیں آجائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف پر بہت سے مقدمات ہیں۔ نندی پور، میٹرو بس پراجیکٹ کیس کھلیں گے تو کرپشن سامنے آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف ملک دشمنی میں ایجنٹ کا کام کر رہے ہیں۔ باپ کہتا ہے کمپنیاں بیٹوں کی ہیں، بیٹی کہتی ہے بھائیوں کی ہیں۔ مریم نواز نے نوازشریف کی قبر کھود دی ہے۔