کراچی(یو این پی)صوبہ سندھ کے لئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگرا ن وزیر اعلی کے لئے سابق چیف سیکرٹری فضل الرحمان کے نام پر اتفا ق ہو گیاہے۔میڈیاکا اپنے ذرائع کے حوالے سے دعوی ہے کہ وزیر اعلی سند ھ سید مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے درمیان اڑھائی گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں نگران وزیر اعلی کے لئے سابق چیف سیکرٹری فضل الرحمان کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔اس ملاقات میں سابق وزراء مکیش چاولہ اور ناصر شاہ جبکہ ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری بھی موجود تھے۔فضل الرحمان 2007 سے 2010 تک سندھ میں چیف سیکریٹری رہے اور 2010 ہی میں ریٹائر ہوئے۔ سابق چیف سیکرٹری فضل الرحمان کانام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دیا گیا تھا۔ نگران وزیر اعلیٰ کیلئے سابق چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمان کے نام پر متفق ہونے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر سید مرادعلی شاہ نے کہاکہ میں نے اوراپوزیشن لیڈر نے ملکر نگران وزیر اعلیٰ کیلئے نام لکھے اور اس حوالے سے میڈیا پر کوئی گفتگو نہیں کی گئی ، انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کیلئے ایک نام پر اتفاق کرنا مجبوری تھا، اس موقع پر خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان ایک منجھے ہوئے نیک نام سابق بیورو کریٹ ہیں اور ہمیں امید ہے کے وہ نگران سیٹ اپ بڑے اچھے طریقے سے چلاتے ہوئے شفا ف انتخابات کا انعقاد کروائیں گے ، انہوں نے کہا جس اچھے اور منظم انداز میں سندھ میں نگران وزیر اعلیٰ پر اتفاق کیا گیا ہے اس طرح ملک کے کسی دوسرے صوبے میں نہیں ہوا ۔