ہیڈنگلے(یواین پی) مہمان ٹیم انگلینڈ کو پاکستانی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 68 رنز درکار، 8 وکٹیں باقی، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 174 رنز بنا سکی تھی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے روز کا کھیل اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ مہمان ٹیم انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے 68 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ انگلش اوپنر جیننگز 29 اور الیسٹر کُک 46 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت جوئے روٹ 29 جبکہ ڈی ایم بیز بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر غلط ثابت ہوا اور بلے باز بری طرح ناکام ہوئے۔ سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی ہمت نہ دکھا سکی۔ امام الحق صفر جبکہ تجربہ کار اظہر علی دو رنز پر آؤٹ ہو گئے۔حارث سہیل نے کچھ مزاحمت کی، وہ اٹھائیس رنز کا اضافہ کر سکے۔ چوتھی وکٹ باسٹھ کے مجموعے پر گری۔ اسد شفیق ستائیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان سرفراز احمد 14، عثمان صلاح الدین 4 جبکہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر گرین شرٹس کا سکور سات وکٹوں کے نقصان پر 79 رنز تھا۔پاکستان کے اختتامی بلے بازوں نے کچھ مزاحمت دکھائی اور آخری تین وکٹیں سکور میں 95 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہیں۔ شاداب خان اور محمد عامر کے درمیان 34، شاداب اور حسن علی کے درمیان 43 جبکہ شاداب اور محمد عباس کے درمیان 18 رنز کی شراکت نے پاکستان کو شرمندگی سے بچا لیا۔ شاداب خان نے 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن 3، سٹورٹ براڈ 3، کرس ووکس 3 جبکہ ڈیبیو کر رہے سیم کورن نے ایک وکٹ حاصل کی۔