لاہور(یواین پی) طاہر القادری نے نواز شریف کی حب الوطنی پر سوال اٹھا دیا۔ طاہر القادری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا 2013 میں دشمن ملک نے نوازشریف پر سرمایہ کاری کرکے وزیر اعظم بنوایا؟ طاہر القادری نے کہا کہ مسئلہ انتخابات میں تاخیر کا نہیں،بلکہ یہ ہے کہ کیا دوبار چور ڈاکو منتخب ہوجائیں گے؟ مگ ن لیگی حواری سن لیں، جیل نواز شریف کا انتظار کررہی ہے۔کینیڈا سے وطن واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جیل نواز شریف کا انتظار کر رہی ہے اور وہ بہت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملزم کی حیثیت سے احتساب عدالت میں پیشیاں بھگتی ہیں۔طاہر القادری نے کہا کہ احتساب عدالت نے نواز شریف سے 130 سوال پوچھے تھے جس کے جواب میں نواز شریف نے سیاسی تقریریں شروع کر دیں، ملک کو لوٹنے کے لیے کرپٹ سسٹم تراشہ گیا جب کہ شہباز شریف اور ان کے ٹولے کا بھی محاسبہ ضروری ہے۔طاہر القادری کا کہنا تھا کہ صرف نواز خاندان کی گرفتاری سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، شہباز شریف اور ان کے ٹولے کا محاسبہ بھی دیکھنا ہے، ماڈل ٹاؤن کے شہداءکا انصاف بھی دیکھنا ہے، صرف شریف خاندان کے خاتمے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، نواز شریف نے زندگی میں کبھی ووٹ اور ووٹر کو عزت نہیں دی، نواز شریف نے یہ ساری باتیں نااہل ہونے کے بعد کیوں کر رہے ہیں؟؟، کرپٹ سسٹم نے ہی نواز شریف اور شہباز شریف جنم دیا ہے۔اس موقع پر انہوں انتخابی فارم پر بھی رد عمل کا اظہار کیا۔ طاہر القادری نے کہا کہ پارلیمان کمیٹی نے بدیانتی پر مبنی پرفارما بنایا ہے، مگر اب قانون اور اداروں کا اصل امتحان ہے۔