سرینگر (یواین پی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فوجی گاڑی کی طرف سے کشمیری نوجوان قیصر بٹ کو کچل کر شہید کرنے اور دیگر 2 نوجوانوں کو شدید زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے نت نئے طریقے ایجاد کررہا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے گولیوں اور پیلٹ کے علاوہ کشمیری نوجوانوں کو اپنی بھاری بھر کم گاڑیوں تلے روند کو قتل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بڑا جمہوری ملک ہونے کا بھارتی دعویٰ محض ایک دھوکہ ہے۔ سید علی گیلانی نے واضح کیا کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کے باجود اپنے عزم وہمت اور نظم و ضبط کے ذریعے بھارت کی جبری غلامی سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ حریت قیادت اور کشمیری عوام کے درمیان بے مثال اتحاد کی وجہ سے بھارتی حکومت اور مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں لہذا وہ انتہائی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے ممتاز سیاسی رہنما اور عالم دین میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ کو انکی 51ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار شہید قصیر احمد بٹ کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر میں انکے گھر گئے ۔ انہوں نے اس موقع پر قیصر بٹ کے قتل کو انتہائی سفاکانہ قرار دیا ۔ قیصر احمد کو بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فور س کی ایک گاڑی نے جمعہ کے روز سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں جان بوجھ کر کچل دیا تھا۔ سرینگر کی ایک عدالت نے دختران ملت کی غیر قانونی طور پر نظر بند سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کو سات روز کیلئے پولیس ریمانڈ میں دیدیا۔ کشمیر بار ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں آسیہ اندرابی اور غیر قانونی طور پر نظر بند انکی دیگر ساتھیوں کی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں دو نوجوانوں شیراز احمد شیخ اور مدثر احمد کے حالیہ قتل کے خلاف پلوامہ اور کولگام میں مظاہرے کیے گئے ۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے)نے سپیشل ٹاسک فورس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ ضلع شویپاں میں چھاپوں کے دوران متعدد نوجوان گرفتار کر لیے۔