لاہور (یواین پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج جمعة الوداع اور یوم القدس منایا جارہا ہے۔ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو جمعة الوداع کے طور پر منایا جاتا ہے، آج چونکہ رمضان المبارک کا چوتھا جمعہ ہے جبکہ اس بارے میں واضح نہیں ہے کہ اگلے جمعہ کو عید ہوگی یا روزہ ، اس لیے آج ہی دنیا بھر میں جمعة الوداع منایا جارہا ہے۔ آج مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ملک کی ترقی، خوشحالی اور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی ۔علاوہ ازیں آج ہی پاکستان سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور القدس کی آزادی کے عزم کے ساتھ یوم القدس منایاجارہا ہے۔اس سلسلے میں ملک بھر میں القدس ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جس کے دوران فلسطین کی آزادی کے لیے حمایت کا اعادہ کیا جائے گا۔