لاہور(یواین پی) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی کل لندن روانگی کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں لاہور کے ایوان عدل میں ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئیں جہاں انہوں نے ریٹرننگ افسر کو بتایا کہ کل صبح 9 بجے میری فلائٹ ہے اس لیے آپ کے پاس نہیں آسکوں گی۔مریم نواز کے مو¿قف پر ریٹرننگ افسر نے کہا کہ کل آپ نہ آئیں، اپنے وکیل کو بھیج دیں۔ریٹرننگ افسر نے مریم نواز کو این اے 127 کے کاغذات کی جانچ پڑتال سے استثنیٰ دےدیانجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف اور مریم نواز کل صبح لندن روانہ ہوں گے جس کےلئے ٹکٹ بھی کنفرم کرلی گئی ہے۔واضح رہے کہ نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور کئی ماہ سے لندن میں زیر علاج ہیں جبکہ نیب ریفرنسز کی احتساب عدالت میں سماعت کے باعث نوازشریف اور مریم نواز لندن نہیں جاسکے ہیں۔گزشتہ روز سپریم کورٹ نے نوازشریف کو لندن جانے کی اجازت دی تھی اور شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ ایک مہینے میں سنانے کا حکم دیاہے۔