اسلام آباد(یوا ین پی)عید الفطر کے پر مسرت موقع پر میں اہل اسلام کو بالعموم اور پاکستانی قوم کو بالخصوص مبارک باد پیش کرتا ہوں – اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ تعالیٰ ہماری عبادات قبول فرمائے۔ آمین عیدالفطر کادن رمضان المبارک کے حوالے سے یوم تکمیل رحمت الہی اور یوم تشکر ہے – اللہ تعالی کی بے پایاں نعمت و رحمت کا تقاضا ہے کہ ہم قادر مطلق کے احکامات کی روشنی میں اپنے روز و شب کو منور کریں کیونکہ یہی صراط مستقیم ہے جس پر چل کر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔ماہ رمضان کی عبادات تقویٰ ، ضبطِ نفس، ایثار اور قربانی جیسی خوبیوں کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔ دینی اور دنیاوی کامیابی کے لئے یہ ضروری ہے کہ ہم پورا سال اسی جذبے اور اسی طرزِ عمل کا مظاہرہ کریں تاکہ ہم اپنی زندگیوں کو اسلام کی تعلیمات کے مطابق صحیح معنوں میں ڈھال سکیں ۔
عزیز ہم وطنو ! آج کے دن عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اس بات کا دھیان رکھنا بھی ضروری ہے کہ ہم اپنے عزیز و اقارب ، پڑوسیوں اوراردگردبسنے والے ضرورت مند بہن بھائیوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں کیونکہ عید کی حقیقی مسرت صرف اسی صورت حاصل ہوتی ہے جب اس میں تمام لوگ شریک ہوں۔ یہی ہمارے مذہب کی تعلیمات ہیں اور ہمارے معاشرے کا وصف ہے۔ آئیے آج کے دن اپنے غیر مسلم بھائیوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں اوراپنے معاشرے کی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا عملی ثبوت پیش کریں ۔ آج کے دن ہمیں اُن فرزندانِ وطن کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت اور اسے اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو اپنی حفظ وامان میں رکھے اور پاکستان کو امن اورترقی و خوشحال کا گہوارہ بنائے: آمین