اسلام آباد: (یواین پی) ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر سعودی عرب روانہ نہیں ہو سکیں گے۔وزارت مذہبی امور سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے عازمین حج کیلئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی ہے۔ 6 سال سے کم عمر بچے اور 80 سال سے زائد بزرگ بائیو میٹرک سے مستثنیٰ ہیں، عازمین حج کی بائیو میٹرک تصدیق سعودی حکومت کی نامزد کمپنی “اعتماد ” کرے گی۔ترجمان کے مطابق تمام عازمینِ حج کو فنگر پرنٹس/بائیو میٹرک سہولت مفت مہیا کی جائے گی۔ وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کی مرحلہ وار بائیو میٹرک کا شیڈول ترتیب دے دیا۔ عازمینِ حج کو اپنے شیڈول کے مطابق فنگر پرنٹس/ بائیو میٹرک تصدیق کرانے کی ہدایات جاری شیڈول کی معلومات موبائل میسیج ، ویب سائٹ اور حج ہیلپ لائن کے ذریعے مل سکے گی۔ وزارتِ مذہبی امور کی طرف سے عازمین حج کو موبائل میسیج بھیجے جا رہے ہیں عازمینِ حج اپنے اصل شناختی کارڈ، بینک رسید اور پاسپورٹ فوٹو کاپی ہمراہ رکھیں۔ عازمین حج صرف اور صرف اپنے شیڈول کے مطابق اعتماد کے دفتر پہنچیں۔