استنبول: (یواین پی) ترکی کے اگلے صدر کون ہوں گے؟ صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں عوام کا فیصلہ آج اتوار 24 جون 2018 کو سامنے آئے گا۔ حزب اختلاف کے امیدوار محرم اِنجے لاکھوں افراد پر مشتمل جلسے منعقد کر کے طیب اردوان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا چکے ہیں۔ترکی میں اقتدار کا ہمہ کس کے سر پر بیٹھے گا، فیصلہ 24 جون اتوار کے دن ہوگا۔ 16 سال سے برسر اقتدار رہنے والے رجب طیب اردوان کو قبل از وقت ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ استنبول میں لاکھوں افراد کا جلسہ کرنا تو طیب اردوان کا خاصہ ہے لیکن اس بار حزب اختلاف کے صدارتی امیدوار محرم اِنجے کی ریلی اردوان کی ریلیوں سے بڑی نہ صحیح ان سے کم بھی نہ تھی۔محرم اِنجے سیاست میں آنے سے پہلے استاد تھے، لیکن گزشتہ 4 انتخابات میں وہ مسلسل اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور دو دفعہ ریپبلکن پیپلز پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ اتوار 24 جون کو ہونے والے انتخابات میں کسی بھی امیدوار کو 50 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل نہ ہونے کی صورت میں دو بہترین امیدواروں کے درمیان دوبارہ مقابلہ ہوگا۔