لاہور: (یواین پی) لاہور میں تھانہ شاہدرہ کے علاقے میں شادی پر اندھا دھند ہوائی فائرنگ، گولی لگنے سے دلہا کی گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق، پولیس کی روایتی سستی سے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ شاہدرہ کے علاقہ اکبر آباد میں مدثر نامی نوجوان کی شادی کی تقریب میں اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی گئی۔ بارات جیسے گھر سے نکلی تو دولہے کے دوستوں نے ہوائی فائرنگ شروع کر دی، جس سے ایک گولی دولہا کی گاڑی کے ڈرائیور کے سر پر لگ گئی۔ جس کو طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔مقامی افراد نے ڈرائیور کو گولی لگنے کی اطلاع پولیس کو دی، لیکن 1 کلومیٹر دور پر تھانہ شاہدرہ ٹاؤن ہونے کے باوجود پولیس 2 گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔پولیس کے پہنچنے تک دولہا اپنے گھر والوں اور مہمانوں سمیت گھر کو تالہ لگا کر رفوچکر ہوگیا تھا۔ دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے پر ایس ایس پی اور ایس پی سٹی انویسٹی گیشن موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ انویسٹی گیشن شروع کر دی ہے، جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔