اسلام آباد (یواین پی)نیب نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے جس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے صاحبزادوں حسن ، حسین نواز ،اسحاق ڈار اور سیف الرحمن کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔میڈیاکے مطابق حسن نواز اورحسین نواز کے خلاف ایون فیلڈر ریفرنس چل رہا تھا جس میں وہ اشتہار ی تھے اوراحتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ملک سے باہر چلے گئے تھے جبکہ اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا مقدمہ زیر سماعت تھا جس پر وہ ملک سے باہر چلے گئے اور واپس نہیں آئے ۔ اس کے علاوہ نیب کی جانب سے نیب کے سابق سربراہ سیف الرحمان کوبھی وطن واپس لایا جائے گا ۔ نیب متعلقہ فورم پر ملزمان کی گرفتاری کیلئے درخواست کرے گا ۔اس کے لئے نیب کی جانب سے ایک دوروز میں وزارت داخلہ کو اس حوالے سے خط لکھا جائے گا جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے انٹر پول کے ساتھ باضابطہ رابط کر کے ملزمان کو گرفتار کرکے پاکستان لانے کی درخواست کی جائے گی۔احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں حتمی دلائل جاری ہیں جبکہ حسن اور حسین نواز ایون فیلڈ سمیت تین ریفرنسز میں ملزم ہیں۔