انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انعقاد وفاقی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے: وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک

Published on June 27, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 272)      No Comments

 

پشاور(یواین پی) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انعقاد وفاقی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وفاقی حکومت سابق فاٹا کے رہائشیوں کو سہولیات دینے اور تبدیلی کے عمل کی خوش اسلوبی سے انجام دہی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی معاونت سے کام کر رہی ہے۔نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے یہ بات خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا، صوبائی الیکشن کمشنر اور سینئر وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔ آئی جی پولیس کے پی کے محمد طاہر نے افراد اور املاک کے حوالہ سے جرائم، اشتہاری مجرموں کی گرفتاری، اسلحہ کی بازیابی اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت حاصل شدہ اہداف سمیت امن و امان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ 2004ء سے خیبرپختونخوا پولیس کے 1306 اہلکاروں نے فرض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اجلاس کو صوبہ میں سی پیک منصوبہ جات کے تحفظ کیلئے صوبائی حکومت کے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی جی پولیس نے فاٹا کے خیبرپختونخوا کے ساتھ ادغام کے بعد صوبہ کی تبدیل شدہ ہیئت کے تناظر میں پولیس کی ضروریات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کے پی پولیس کے علاوہ فرنٹیئر کانسٹیبلری، لیویز، گلگت بلتستان اور اے جے کے پولیس بھی صوبہ میں عام انتخابات 2018ء کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تعینات کی جائے گی۔ وزیراعظم نے 2009ء سے صوبہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کی تعریف کرتے ہوئے صوبہ میں امن کی بحالی کیلئے خیبرپختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے صوبہ میں عام انتخابات کے خوش اسلوبی سے اور پرامن انعقاد کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انعقاد وفاقی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes