اسلام آباد(یواین پی)سابق وزیر داخلہ چودھری نثارکے جیپ کا انتخابی نشان حاصل کرنے کے بعد ن لیگ کے ناراض اور آزادامیدواروں میں جیپ کا نشان اہمیت اختیار کرگیا،الیکشن کمیشن میں 100 سے زائد درخواستیں دائرہو گئیں۔ مسلم لیگ ن کے متعدد امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ لینے سے انکار کردیا ہے اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا اور انتخابی نشان جیپ کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کردی ہیں۔این اے 190 سے سابق ایم این اے سردار امجد فاروق ،این اے 193 ،پی پی 293 سے شیر علی گورچانی،این اے 194 سے ڈاکٹرحفیظ الرحمان دریشک ،پی پی 295 سے پرویز اقبال گورچانی،پی پی 296 سے یوسف دریشک ،این اے 181 سے سلطان محمود ہنجرا،پی پی 237اور 238 سے شوکت لالیکا اور فدا حسین ،پی پی 184 اور185 سے سردارمحسن عطاکھوسہ اورپی پی 184 سے رضا علی جیلانی نے ن لیگ کا ٹکٹ واپس کردیااور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ،ن لیگ کے ناراض رہنماﺅں اور آزاد امیدواروں نے جیپ کے انتخابی نشان کیلئے درخواستیں دائر کردی ہیں۔