راولپنڈی: (یواین پی) سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ میں نے صرف اپنا نہیں، نواز شریف کا بھی سوچا، افسوس انہوں نے میرے ساتھ بے وفائی نہیں بلکہ دشمنی کی۔راولپنڈی میں خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ اس الیکشن کو عام الیکشن نہ سمجھنا، پورے پاکستان کی نظریں میرے چار حلقوں پر لگی ہوں گی، اپنے اختلافات بھلا کر جیپ کے نشان پر اکٹھے ہو جاؤ۔چودھری نثار نے کہا کہ میں نے نواز شریف کیساتھ 34 سال وفاداری نبھائی، افسوس انہوں نے میرے ساتھ بے وفائی نہیں بلکہ دشمنی کی، نواز شریف کو جواب میرے حلقے کے بھائی دیں گے۔ میں اقتدار نہیں عزت کا بھوکا ہوں۔ نواز شریف کو لیڈر بنانے میں میرا بھی کردار ہے، میں نے صرف اپنا نہیں نواز شریف کا بھی سوچا۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ اکثریت آئی تو قومی حکومت بناؤں گا، نواز شریف کہتے ہیں کہ انھیں قومی حکومت کا کس نے اختیار دیا، یہ کیا کٹھ پتیلیوں کا تماشا ہے۔سابق وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ میں نے 1985ء سے کبھی ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی، اگر ٹکٹ کی لالچ ہوتی تو عمران نے بار بار مجھے ٹکٹ دینے اور میرے مقابل امیدوار بھی نہ کھڑا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دیکھتے ہیں 25 جولائی کو بلے، شیر اور علاقے کی ٹکٹ کو کتنے ووٹ ملتے ہیں۔ مجھے الیکشن میں ریکارڈ ساز کامیابی نظر آ رہی ہے