اسلام آباد(یواین پی)احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، جمعہ 6 جولائی کو سنایا جائے گا، نواز، مریم، صفدر، حسن اور حسین نواز کو حاضر ہونے کا حکم دے دیا گیا۔شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی، مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے حتمی دلائل مکمل کرلئے، کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو جمعہ 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔نیب کی جانب سے شریف خاندان کیخلاف لندن کے علاقے ایون فیلڈ میں فلیٹس کی ملکیت سے متعلق ریفرنس دائر کیا گیا تھا، جس کی تقریباً 3 ماہ احتساب عدالت میں سماعت جاری رہی۔کیس میں نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر، حسن اور حسین نواز ملزمان ہیں، احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو فیصلے کے دن عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے عدالت سے استدعا کی کہ اس بار جمعہ کے بجائے ہفتے کا دن رکھ لیں، جس پر جج نے کہا کہ 6 جولائی جمعہ کو ہی فیصلہ سنادیتے ہیں۔پاناما کیس میں گزشتہ سال جمعہ 28 جولائی کو نواز شریف کیخلاف فیصلہ آیا تھا جس میں انہیں سپریم کورٹ نے نااہل قرار دے کر وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹادیا تھا۔شریف خاندان کیخلاف پاناما کیس میں آمدن سے زائد اثاثوں پر سپریم کورٹ کے حکم پر نیب نے 3 ریفرنسز دائر کئے تھے، جن میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ، آف شور کمپنیز بشمول فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور لندن کی ایون فیلڈ پراپرٹیز شامل ہیں۔نواز شریف، ان کے بیٹے حسن اور حسین تینوں ریفرنسز میں ملزم ہیں جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر صرف ایون فیلڈ ریفرنس میں ملزم ہیں۔حسن اور حسین نواز پر تینوں ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے، کئی بار طلب کرنے پر وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر انہیں مفرور قرار دیا جاچکا ہے۔سپریم کورٹ کی جانب سے 6 ماہ میں مقدمات نمٹانے کی ہدایت کی گئی تھی جو مارچ 2018ء میں ختم ہوگئی تاہم احتساب عدالت کے جج کی درخواست پر عدالت عظمیٰ نے اس کی میعاد میں دو ماہ کی توسیع کردی تھی جبکہ بعد ازاں اس میں جولائی تک مزید توسیع کردی گئی تھی۔