جدہ ( زکیر احمد بھٹی) پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر خان ہشام بن صدیق نے ریاض میں جی سی سی سیکرٹریٹ میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف بن راشد الذایانی سے ملاقات کی۔ جی سی سی کے سیکرٹری نے پاکستان کے خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کیا اور تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے اپنی خواہش ظاہر کی۔ دونوں فریقوں نے تمام شعبوں میں پاک جی سی سی تعلقات بڑھانے کی غرض سے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ جی سی سی سیکرٹری جنرل نے پاک جی سی سی آزادانہ تجارتی معاہدے کیلیے پاکستان کیساتھ بات چیت بحال کرنے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔ خان ہشام نے سیکرٹری جنرل کوخلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کی جغرافیائی قربت اور تجارتی اور اقتصادی اہمیت سے آگاہ کیا۔دونوں جانب سے تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے لیے باہمی کوششیں شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ عبدالطیف بن رشید نے بھی جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔