ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف اور مریم … اندر یا باہر؟ فیصلہ آج ہوگا

Published on July 6, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 476)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد 3 جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ نواز شریف نے فیصلہ مزید کچھ دن موخر کرنے کیلئے درخواستیں دائر کر دی ہیں، اب استدعا منظور ہو گی یا مسترد؟ احتساب عدالت میں آج سماعت ہو گی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر قرار دیا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔ تینوں ملزمان نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر فیصلے کے دن حاضری یقینی بنائیں۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسلام آباد انتظامیہ کو حکم دیا تھا کہ فیصلے کے دن عدالت کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ ان احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔فیصلے کے دن جوڈیشل کمپلیکس کے باہر 5 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہو گی جبکہ 500 رینجرز اور 1500 پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔رینجرز اہلکار جوڈیشل کمپلیکس کے داخلی راستے پر تعینات ہوں گے جبکہ غیر متعلقہ افراد کا احتساب عدالت میں داخلہ بند ہو گا، ادھر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کیلئے درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں، نمائندوں کے ذریعے دائر درخواستوں میں نواز شریف اور مریم نواز نے کہا کہ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے برطانیہ گئے، جہاں ان کی طبعیت زیادہ خراب ہونے پر مزید قیام کرنا پڑا، کلثوم نواز کی صحت سے متعلق آئندہ 48 گھنٹے اہم ہیں، لہذا ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کم از کم ایک ہفتے کے لیے موخر کر دیا جائے۔ درخواستوں کیساتھ کلثوم نواز کی دفترِ خارجہ سے تصدیق شدہ میڈکل رپورٹ بھی منسلک کی گئی ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث عدالت نمبر 2 کے جج ملک ارشد نے نواز شریف اور مریم نواز کی درخواستیں باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر دیا ہے، اب احتساب عدالت کے جج محمد بشیر جمعہ کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنانے سے پہلے ان درخواستوں کی سماعت کریں گے۔یاد رہے گزشتہ روز سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیگم کلثوم نواز وینٹی لیٹر پر ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت چند دنوں بعد خطرے سے باہر آ جائے گی، میری خواہش ہے کہ انھیں ہوش میں دیکھ لوں، اہلیہ کی بیماری کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر احتساب عدالت سے درخواست ہے کہ وہ فیصلہ چند روز کے لئے محفوظ رکھے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog