پشاور (یواین پی)قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہاہے کہ قومی وطن پارٹی ملک میں جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے قیام پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ انتخابات 2018 کا انعقاد شفاف طریقہ سے ہو تاکہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے بہتر مستقبل کا فیصلہ کرسکیں ، ایون فیلڈ کیس سے متعلق عدالتی فیصلہ تاریخی اہمیت رکھتا ہے اور امید ہے کہ اس سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل تنگی کے یونین کونسل شکور میں انتخابات کے سلسلہ میں منعقد ہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس دوران قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔اس موقع پر پاکستان مزدور کسان پارٹی کے سربراہ افضل خاموش اور قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں نے انتخابات 2018میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون اور حمایت کی یقین دہائی کرائی۔ آفتاب شیرپاؤنے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور قانوں کی بالادستی کے فروغ کیلئے جدوجہد کی ہے اور چاہتی ہے کہ پر امن طریقہ سے عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ کیس پر عدالتی فیصلہ ایک تاریح ساز فیصلہ ہے اورمستقبل میں اسکے اثرات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام سیاسی معاملات کو پر امن طریقہ سے نمٹانا چاہئے تاکہ جمہوری اقدار کو فروغ دیا جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا عدالتی فیصلہ پر مثبت ردعمل خوش آئند ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرینگے اور عدالتی فیصلہ پر اپنا پرامن سیاسی جدو جہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں درپیش پانی کی قلت کیلئے ڈیمز کا قیام ناگزیر ہے اور تمام سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کو چاہئے کہ وہ ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھ کر اپنی توجہ اس طرف مبذول کریں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے مہمند اور بھاشا ڈیم کی تعمیرکو فوقیت دیناخوش آئند ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ نئی منتخب ہونے والی حکومت اس مسئلے کے حل پر بھر پور تو جہ سے کام کریں تاکہ ملک کو درپیش پانی کی شدید قلت کو دور کیا جاسکیں۔انھوں نے کہا کہ صوبہ میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ صوبہ کے عوام کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے ۔انھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے لیکن پھر بھی مرکزی سطح پر ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ روا رکھا جا تا ہے جس نے ان کی محرومیوں ،مایوسیوں اور پریشانیوں میں حد درجے اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خا ن ملک کو بہتر بنانے سے پہلے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا کو مشکلات کے دلدل میں دھکیلنے کیلئے ہمیں جواب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ آج پی ٹی ائی کی ناقص پالیسیوں کی بدولت شدید بد انتظامی سے دوچار ہے اور اب پی ٹی آئی کے چیئر مین کی اقتدارآکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے دعوے مضحکہ خیز ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ آج صوبہ کھنڈرات کی شکل اختیار کرچکا ہے اور باہر سے یہا ں کوئی آنے کو تیار نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام مزید انکے جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں کریں گے اوروہ اپنے ووٹ کے ذیعے انکا صفایا کردینگے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ملک میں واحد پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور وہ ملکی سطح پر ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور پختون قوم کے ساتھ کوئی بھی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔