لاہور (یواین پی)مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن میں چندروزرہ گئے ہیں ، بلدیاتی نمایندوں کومعطل کرناجائزنہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہناتھا کہ فیصلے میں صاف لکھا ہے کہ نوازشریف کیخلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا،نیب عدالتوں میں سیکڑوں کیسز10 ،10 سال سے لٹکے ہوئے ہیں،ایک فیصلہ نیب عدالت نے دیا ہے ایک فیصلہ 25 جولائی کو عوام دیں گے۔نوازشریف کو نیب عدالت نے 100 سے زائد مرتبہ بلایا اور وہ پیش ہوئے مگر جہاں پرکرپشن کے انبار لگ گئے وہاں کسی کو طلب نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، دھماکے نہ کرنے پر کلنٹن نے نوازشریف کو 5ارب ڈالر کی پیشکش کی لیکن نوازشریف نے پیشکش ٹھکراکر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا،نوازشریف نے کہا بھارت کے 5 کے مقابلے میں 6 ایٹمی دھماکے کریں گے ۔ہم نے دھرنے نہیں دیے مینار پاکستان پر پرامن احتجاج کیا تھا،نوازشریف کی قیادت میں ہم نے ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے بنائے ،دن رات محنت کی اور شفاف طریقے سے بجلی کے منصوبے مکمل کیے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مفروضے کی بنیاد پرمیاں صاحب کو10سال کی سزاسنادی،الیکشن میں چندروزرہ گئے ہیں بلدیاتی نمایندوں کومعطل کرناجائزنہیں۔