پشاور (یواین پی )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ اے این پی ہارون بلور جیسا قیمتی اثاثہ کھونے کے باوجود دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکے گی اور الیکشن کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے،کامیاب ہو کر مستقل امن کے قیام کو ترجیح بنایا جائے گا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون شہر دورے کے دوران یکہ توت بم دھماکے کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد کیا ،اے این پی سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر ملک غلام مصطفی ،جنرل سیکرٹری سرتاج خان ، نیاز مہمند ،ملک طارق اعوان ، ممتاز خان سمیت دیگر اہم قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے ، امیر حیدر خان ہوتی شاہین مسلم ٹاؤن ،گنج ، یکہ توت اور کوہاٹی میں سانحے میں شہید ہونے والے تمام شہداء کی رہائش گاہوں پر گئے اور ان کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی ، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ شہداء اے این پی کا سرمایہ تھے اور ان کی شہادت ان کے خاندان اور پارٹی کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے ، انہوں نے شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جانوں کے نذرانے دینے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،انہوں نے کہا کہ یکہ توت میں ہونے والا دھماکہ بدترین کاروائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے 25جولائی کو اے این پی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔