لاہور: (یواین پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کاہنہ میں خطاب کر رہے تھے کہ اچانک انھیں والدہ کی ناساز طعبیت کا علم ہوا تو وہ فوراً اپنا دورہ مختصر کر کے جاتی امراء واپس چلے گئے۔ ن لیگ کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے بینک سٹاپ، نشتر کالونی، یوحنا آباد، گجومتہ اور حلقے کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں عوام سے خطاب کیا۔ سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب کو کاہنہ میں والدہ کی طبیعت ناسازی کا علم ہوا تو وہ دورہ مختصر کر کے جاتی امراء چلے گئے۔اس سے قبل مختلف علاقوں میں اپنے خطاب کے دوران میاں شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے عوام کے لئے قربانیاں دیں، مگر ان کے ساتھ ہی ناانصافی ہوئی، عوام نے شاندار استقبال کر کے فیصلہ سنا دیا کہ 25 جولائی کو جیت مسلم لیگ ن کی ہی ہو گی۔یاد رہے کہ شریف برادران کی والدہ شمیم بیگم نے اپنے صاحبزادے نواز شریف اور پوتی مریم کی گرفتاری پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ وہ بے قصور ہیں، اگر وہ جیل گئے تو میں بھی ان کے ساتھ ہی جاؤں گی۔شمیم بیگم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کل میرا بیٹا نواز شریف جس نے اس ملک کو روشن کیا، مجھ سے ملنے آ رہا ہے، میرا ایمان ہے کہ تینوں بے قصور ہیں، ظالموں کو اللہ کے خوف سے ڈرنا چاہیے۔