نئی دہلی: (یواین پی) بھارت میں ناکام حکومتی پالیسیوں پر اپوزیشن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا، پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پیش کر دی، بی جے پی نے اکثریت کے ساتھ ہونے کا دعویٰ کر دیا۔ناکام پالیسیوں پر مودی پر اپوزیشن جماعتیں سیخ پا ہو گئیں اور وزیراعظم کے خلاف لوک سبھا میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کر دی۔ قتل و غارت گری، بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات اور کسانوں کی خود کشیوں پر کانگریس رہنما جیوترادتیا کا کہنا تھا حکومت مخالف دھڑے متفق ہیں، تحریک ضرور کامیاب ہو گی۔ دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی ناقص کارکردگی کے باوجود ہار ماننے کو تیار نہیں، حکمران جماعت نے اکثریت کے حامی اور عدم اعتماد کی تحریک کی ناکامی کا دعویٰ کیا ہے۔یاد رہے بھارت میں صرف دو ہزار سولہ میں چالیس ہزار بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے جو دو ہزار بارہ کے مقابلے میں ساٹھ فیصد زیادہ ہیں۔