اکرام اللہ کی خود کش حملے میں شہادت، بھائی نے علی امین گنڈا پور پر شک ظاہر کردیا

Published on July 22, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 509)      No Comments

ڈیرہ اسماعیل خان (یواین پی) پی ٹی آئی کے شہید امیدوار برائے صوبائی اسمبلی اکرام اللہ گنڈا پور کے بھائی انعام اللہ گنڈا پور نے ایک بار پھر اپنے بھائی پر ہونے والے خود کش حملے کا شک علی امین گنڈا پور پر ظاہر کردیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انعام اللہ گنڈا پور نے کہا کہ ان کے 2 بھائی خود کش حملوں میں شہید ہوچکے ہیں لیکن انہیں تحفظ فراہم نہیں کیا گیا ۔ خطرات سے پی ٹی آئی کی قیادت کو پہلے ہی آگاہ کرچکے لیکن عمران خان نے ہماری کوئی مدد نہیں کی، چیف جسٹس صاحب خدا کیلئے ایکشن لیں۔خیال رہے کہ اکرام اللہ گنڈا پور اپنے بھائی اکرام اللہ گنڈا پور پر خود کش حملہ کرانے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے دیے گئے دھرنے میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ انہیں خود کش حملے میں شہید کردیا گیا ۔ 2013 کے الیکشن میں اکرام اللہ گنڈا پور کے بھائی اسرار اللہ گنڈا پور تحریک انصاف کی ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر وہ اپنے حلقے کے لوگوں سے عید مل رہے تھے کہ اسی دوران ایک خود کش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں اسرار گنڈا پور شہید ہوگئے تھے ۔ اسرار اللہ گھر کی راہداری سے تھوڑے فاصلے پر اپنے والد سردار عنایت اللہ گنڈا پور کی قبر کے پاس کھلے آسمان تلے بیٹھے تھے کہ خود کش حملہ آورملاقاتیوں کے ایک گروپ کے ساتھ وہاں پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ اس سے قبل کہ وہ عید ملنے کے لئے کرسی سے اٹھتے ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں سردار اسرار اللہ خان گنڈا پور اپنے تین ذاتی محافظوں اور چار علاقہ عمائدین کے ساتھ شہید ہو گئے۔رواں سال 12 جون کو اسرار اللہ اور اکرام اللہ گنڈاپور کے بھائی انعام اللہ نے سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ خان گنڈا پور کے بیٹوں کے ہمراہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے بھائی اسرار اللہ گنڈا پور پر خودکش حملے میں سابق صوبائی وزیر مال علی امین گنڈا پور، ان کے بھائی عمر امین سمیت 3 افراد ملوث ہیں۔انعام اللہ گنڈا پور نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے واقعے کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ خودکش حملہ آور 50 لاکھ روپے میں خریدا گیا تھا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme