ڈی آئی خان (یواین پی ) ڈیرہ اسمٰعیل خان میں آج صبح ہونے والے خودکش دھماکے میںزخمی ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ خان گنڈا پور شہید ہو گئے. انتخابی جلسے کے قریب خودکش دھماکے میں تحریک انصاف کے متعدد کارکنان زخمی ہوئے تھے جن میں اکرام اللہ گنڈا پور بھی شامل تھے.
آج صبح ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک انصاف کا جلسہ ہوا جس کے اختتام پر پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور واپس جا رہے تھے کہ خودکش حملہ آور نے دھماکہ کر دیا جس کےباعث اکرام اللہ گنڈاپور اور دیگر کارکنان زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تحریک انصاف کے امیدوار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔قبل ازیں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچیں اور جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضا تجزیئے کیلئے لیبارٹری بھجوائے جہاں ڈی این اے کی مدد سے خودکش حملہ آور کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔