لاہور (یواین پی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ بھارت کے ساتھ سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے ، کوشش ہونی چاہیے اس کا حل میز پر بیٹھ کر نکالا جائے ، ہم تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے تیار ہیں ، آپ ایک قدم بڑھائیں گے تو ہم آپ کی طرف دو قدم بڑھائیں گے ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کو امن کی ضرورت ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ہمسائے ممالک کے ساتھ تعلقات بہترین ہوں ۔انہوں نے کہا کہ آج مجھے تھوڑا افسوس ہوا بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ سن کر وہ جس طرح مجھے دکھا رہے تھے مجھے ایسا لگا کہ میں شائد بالی ووڈ فلم کا کوئی ولن ہوں لیکن میں وہ پاکستانی ہوں جس کی ہندوستان میں سب سے زیادہ واقفیت ہے ، کرکٹ کی وجہ سے لوگ مجھے جانتے ہیں اور میں پورا بھارت گھوما ہوں ۔عمران خان کا کہناتھا کہ ہمارے تعلقات اچھے ہوتے ہیں تو یہ پورے برصغیر کیلئے اچھاہے ، ہم ایک دوسرے سے تجار ت کریں ، اس میں دونوں ملکوں کا فائدہ ہے ،سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے ، کوشش ہونی چاہیے ہمیں میز پر بیٹھ کر اس مسئلے کو حل کریں ، الزامات کی گیم کو اب ختم ہونا چاہیے ، ہم بالکل تیار ہیں کہ ہم اپنے تعلقات بہتر کریں ، آپ ایک قدم ہماری طرف آئیں گے توہم دو قدم آپ کی طرف بڑھیں گے