لاہور: (یواین پی) پنجاب میں حکومت سازی، مسلم لیگ قائدِاعظم نے ن لیگ کو صاف انکار کر دیا، حکومت سازی میں تحریکِ انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ مسلم لیگ قائدِاعظم (ق لیگ) نے حکومت سازی کیلئے پاکستان تحریکِ انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ن لیگ کو صاف انکار کر دیا ہے۔ میڈیا کے ذرائع کے مطابق یہ اہم فیصلہ چودھری شجاعت حسین کی سربراہی میں پارٹی کی اعلیٰ سطح مشاورت میں کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مفادات کے لئے رابطہ کیا، ہم تحریکِ انصاف کے اتحادی ہیں اور اس اتحاد کو اب مزید مضبوط کیا جائے گا ، مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ق لیگ کی قیادت سےرابطہ کیا تھا اور پنجاب میں مرضی کا عہدہ دینے کی بھی پیش کش کی تھی۔