اسلام آباد: (یواین پی) دس سال بعد پنجاب ن لیگ کے ہاتھ سے نکلنے لگا، مزید 6 آزاد ارکان کھلاڑی بن گئے، تحریک انصاف کا پلڑا بھاری، 134 نشستوں کے ساتھ پوزیشن مضبوط ہو گئی۔تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین پنجاب میں حکومت سازی کیلئے تیزی سے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پنجاب سے مزید 3 ارکان جہانگیر ترین اور رائے حسن نواز کے ہمراہ بنی گالہ پہنچے اور کپتان کے قافلے میں شمولیت کا اعلان کیا۔نئے شامل ہونے والے ارکان میں فیصل آباد سے اجمل چیمہ اور ملک عمر فاروق جبکہ مظفرگڑھ سے عبدالحئی شامل ہیں۔ اس سے قبل پی پی 46 کے آزاد امیدوار پیر سید الحسن اور پی پی 7 کے کامیاب امید وار راجہ صغیر شامل ہیں۔پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت یقینی ہے۔ 15 مزید ارکان تحریکِ انصاف میں شامل ہو جائیں گے۔دوسری جانب تحریکِ انصاف کی جانب سے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے لیے چھ امیدواروں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔ عبدالعلیم خان، یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی ، محمود الرشید، میاں اسلم اقبال اور فواد چودھری اس عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں۔ادھر پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے ن لیگ کے سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔ گزشتہ روز شہباز شریف نے لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر مخدوم احمد محمود سے ملاقات کی جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات پر اتفاق کیا گیا، تاہم پی پی رہنما کہا کہ جو بھی فیصلہ ہو گا وہ بلاول بھٹو کریں گے۔