اسلام آباد (یواین پی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں اکثریت حاصل کرلی قوم کو مبارکباد دیتاہوں ، وزیر اعلیٰ پنجاب تحریک انصاف کا ہوگا ۔ق لیگ مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کا حصہ ہوگی ۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگوکر تے ہوئے تحریک انصاف کے ر ہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب اپنے نمبر پورے کرلئے ہیں ، ق لیگ پنجاب اور مرکز میں تحریک انصاف کی حکومت کا حصہ ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ لاہور اور اسلام آباد میں حکومت ہماری ہوگی ۔ اس پر قوم کو مبارکباد دیتاہوں ۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہمار ے پا س 168ارکان کی حمایت موجود ہے ۔ پنجاب اسمبلی میں اس وقت ہماری نشستیں خواتین، آزاد امیدواروں اور اتحادی جماعتوں کو اکٹھا کرکے 180کے قریب ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تحریک انصا ف کی مخلوط حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور اس کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب تحریک انصاف سے ہوگا اور اس کا فیصلہ عمران خان کریںگے ۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کراچی جارہے ہیں جہاں وہ ایم کیو ایم سے بات چیت کریں گے ۔