اسلام آباد (یواین پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے وی وی آئی پی پروٹوکول دیے جانے پر انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔عمران خان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے بنی گالہ سے مقامی ہوٹل پہنچے تو انتظامیہ کی جانب سے انہیں وزیراعظم کا پروٹوکول دیا گیا بلکہ روٹ بھی لگایا گیا۔ وی وی آئی پی پروٹوکول دیکھ کر عمران خان شدید برہم ہوئے۔ انہوں نے ہوٹل پہنچتے ہی پارٹی ترجمان نعیم الحق کو ہدایت کی کہ فوری طور پر اضافی گاڑیوں کو واپس بھیجا جائے۔ نعیم الحق نے عمران خان کی ہدایت پر رینجرز اور ایف سی کی گاڑیاں واپس بھجوا دیں۔عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں بھی اس بات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی سے میرے لیے پروٹوکول لگا دیا، ایسے ملک نہیں چلے گا۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے حکومت سے صرف 4 گاڑیاں مانگی گئیں لیکن عمران خان جب ہوٹل پہنچے تو پتہ چلا کہ انہیں وزیرِاعظم جیسا پروٹوکول دیا گیا ہے جس پر عمران خان نے ناراضگی کا اظہار کیا۔