لاہور: (یواین پی) پی سی بی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور سینئر کھلاڑیوں کی مشاورت سے کھلاڑیوں کے لیے نیا سینٹرل کنٹریکٹ تیار کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 33 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی فیس میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔سنٹرل کنٹریکٹ میں 5 کیٹگریزاورڈومیسٹک پلیئرزبھی شامل کیا گیا ہے، ڈومیسٹک کرکٹرز کے لیے ای کیٹگری متعارف کرا دی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو اے، بی، سی، ڈی اور ای کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ اے اور بی کیٹیگری میں 6، 6 کھلاڑی شامل ہیں جب کہ سی کیٹیگری میں 9، ڈی میں 5 اور ای کیٹیگری میں 7 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔ محمد حفیظ تنزلی کے بعد بی کیٹگری شامل ہو گئے ہیں جبکہ بابراعظم اور محمد عامر کو ترقی کے بعد اے کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے کپتان اے کیٹیگری میں کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، اظہر علی، محمد عامر ، یاسر شاہ اور بابر اعظم شامل ہیں۔ بی کیٹیگری میں فہیم اشرف، اسد شفیق، حسن علی، فخر زمان، شاداب خان اور محمد حفیظ کو رکھا گیا ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں عماد وسیم، محمد عباس، وہاب ریاض، جنید خان، حارث سہیل، امام الحق، محمد نواز، عثمان خان شنواری اور شان مسعود شامل ہیں۔ جن کھلاڑیوں کو ڈی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے ان میں رومان رئیس، آصف علی، راحت علی، عثمان صلاح الدین اور حسین طلعت شامل ہیں۔