اسلام آباد(یواین پی )پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر اتی امیدوار کے طور پر نامزد کردیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر پاکستان کیلئے نامزد کردیا ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے صدر کے امیدوار پر مشاورت کے بعدعارف علوی کو صدر پاکستا ن کیلئے نامزد کیا اور عمران خان نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر نامزد کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
واضح رہے کہ صدارتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شیڈول جاری کردیا ہے اور صدر ممنون حسین اپنی مدت پوری ہونے کے بعد آئندہ ماہ سبکدوش ہو جائیں گے۔پی ٹی آئی رہنماعارف علوی 29 جولائی 1949 کوپیداہوئے،وہ ایشیاپیسفک ڈینٹل فیڈریشن اورپاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔
انہوں نے پہلی بارپی ٹی آئی کے ٹکٹ پرکراچی سے 1997 میں انتخابات میں حصہ لیا،2002 کے انتخابات میں پی ایس 90 سے انتخابات میں حصہ لیالیکن ناکام رہے۔2013 کے انتخابات میں این اے 250 کراچی سے پہلی بارایم این اے منتخب ہوئے،2018 کے انتخابات میں این اے 247 کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
2006 سے 2013 تک پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل رہے،2016 میں عارف علوی پی ٹی آئی سندھ کے صدرمقررہوئے۔