لاہو ر (یواین پی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم اور پی سی بی کے پیٹرن انچیف عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔
نجم سیٹھی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے استعفے کی کاپی جاری کرتے ہوئے لکھا ” میں نئے وزیراعظم کے حلف اٹھانے کا انتظار کر رہا تھا تاکہ انہیں اپنا استعفیٰٰ بھجوا سکوں اور آٰج میں نے استعفیٰ دیدیا ہے۔ میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ عید مبارک، پاکستان زندہ باد” واضح رہے کہ وزیراعظم نے پی سی بی میں پہلے ہی اصلاحات کا عندیہ دے دیا تھا جس کے بعد ان کے قریبی دوست زلفی بخاری نے بھی کہا تھا کہ بہتر ہے نجم سیٹھی خود ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نجم سیٹھی کی اہلیہ نے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے پنجاب اسمبلی کی سیٹ پر انتخابات میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی جس کے بعد پنجاب کے وزیراعلیٰ کیلئے انہوں نے تحریک انصاف کے امیدوار سردار عثمان بزدار کو ووٹ دیا۔