اسلام آباد(یواین پی) وزیرِاعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملے کو او آئی سی اور اقوامِ متحدہ میں اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔وزیرِاعظم عمران خان کا سینیٹ اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ مسلم اُمہ مغرب کو سمجھانے میں ناکام رہی ہے کہ انھیں گستاخانہ خاکوں سے کتنی تکلیف پہنچتی ہے، مغرب میں لوگوں کو اس معاملے کی حساسیت کا اندازہ ہی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مغرب میں ہولوکاسٹ کیخلاف بات کرنا بھی جرم ہے لیکن دوسری جانب اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے جا رہے ہیں۔ گستاخانہ خاکوں کا معاملہ پوری اُمت مسلمہ کی ناکامی ہے۔عمران خان نے کہا کہ مغرب کی عوام کی اکثریت کو اس بات کا علم ہی نہیں کہ حضرت ﷺ کی ہم مسلمانوں کے دلوں میں کتنی عزت اور تکریم ہے۔ مغربی ممالک ایسی گستاخانہ حرکت کر کے مسلمانوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ او آئی سی کو اس اہم معاملے پر پہلے ہی سٹریٹجی اپنانا چاہیے تھی۔ تمام مسلمان ممالک کو اس حوالے سے اکھٹا کرنا ہو گا۔ آئندہ ماہ گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اقوامِ متحدہ میں اٹھائیں گے۔سینیٹ اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیرِاعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں غلامی کے دور کی ذہنیت کو تبدیل کرنا ہو گا، ہمیں اپنے اخراجات کو کم کرنا ہو گا، عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے۔