کوئٹہ (یواین پی)تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی حمایت پرمشکورہوں،ہماری صوبے کی پسماندگی کے حوالے سے بات چیت ہوئی،کوشش ہے بلوچستان کی پسماندگی کوختم کیاجائے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی اور صدارتی انتخاب میں حمایت کی درخواست کی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے عمران خان کے وعدے پورے کرینگے،بلوچستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے مکمل اتفاق ہے۔ان کا کہناتھاکہ بلوچستان عوامی پارٹی سے ہماراالائنس ہوچکاہے،بلوچستان کے اپنے وسائل کی ترقی ہونی چاہئے۔