اسلام آباد (یواین پی)وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا اور ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کے تنازع کے ان کے تبادلے پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے از خود نوٹس لے لیاہے ۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے ڈی پی او رضوان گوندل کے تبادلے پر از خود نوٹس لے لیاہے جسے کل سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ آئی جی پنجاب، آر پی او اور ڈی پی او رضوان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیاہے ۔ سپریم کورٹ نے معاملے کی انکوائری کرنے والے افسر کو بھی ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے ۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کل از خود نوٹس کی سماعت کر ے گا ۔واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکپتن میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے خاور مانیکا کی گاڑی کو ناکے پر روکنے پر تنازع کا آغاز ہوا جس کے بعد رضوان مانیکا نے ڈی پی او رضوان گوندل کو موقع پر ٹیلیفون کیا تو پولیس اہلکاروں نے انہیں جانے دیا اور اس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈی پی او رضوان گوندل اور آر پی او ساہیوال شارق کمال صدیقی کو ملنے کیلئے لاہور بلایا جہاں ان سے خاور مانیکاسے ڈیرے پر جاکر معافی مانگنے کا کہا گیا لیکن انہوں نے انکار کر دیا ۔ جس کے بعد مبینہ طور پر ان کا تبادلہ کر دیا گیا ۔