اسلام آباد (یواین پی) نائیجیریا کی جیل میں 16 ماہ سے قید 2 پاکستانیوں کا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے نام خط، کیپٹن (ر) نصیرخان اور تھرڈ انجینئر(ر) محمد اعجاز کا آئل کمپنی پر جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کا الزام، قید سے رہائی کے لیے چیف جسٹس اور وزیر خارجہ سے نوٹس لینے کی اپیل کردی۔خط کے مطابق دونوں پاکستانیوں نے مارچ 2017 میں پاکستانی کمپنی اقلیم شپنگ میں نوکری حاصل کی، کمپنی نے انہیں پہلے یونان اور پھر نائیجیریا روانہ کیا۔نائیجیریا میں تیل لوڈ کرنے کا اجازت نامہ مانگنے پر انہیں یرغمال بنا لیا گیا۔ اسی دوران نائیجیرین نیوی نے چھاپہ مار کر سب کو گرفتار کر لیا۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ نائیجیرین تفتیشی ایجنسیوں نے دونوں پاکستانیوں کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے زرضمانت کے طور پر 1 کروڑ 50 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ پاکستان میں اہل خانہ کے لواحقین اتنی بڑی رقم ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ پاکستانی سفارتخانے نے بھی کوئی معاونت نہیں کی، لہذا ہماری مدد کی جائے۔نائیجیریا میں قید کیپٹن (ر) نصیرخان کا تعلق کراچی جبکہ تھرڈ انجینئر(ر) محمد اعجاز کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔