اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم نے ہری پورمیں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا، شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں 10 ارب پودے لگائے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہری پور میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔پہلے مرحلے میں ملک بھر میں آج 15 لاکھ درخت لگائے جائیں گے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج پورے ملک میں پلانٹ فارپاکستان شجرکاری مہم کاآغازکردیاہے، میں چاہتاہوں ہم سب اس گرین پاکستان مہم کاحصہ بنیں،انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان مہم کاحصہ بن کرہم آئندہ نسل کوآلودگی سے بچاسکتے ہیں۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سارے پاکستان کو ہرا کر دینا ہے ،یہ کوئی حکومت کا کام نہیں یہ ساری قوم کا مسئلہ ہے،اگر درخت نہ لگائے تو پاکستان ریگستان بن سکتا ہے ۔عمران خان کا کہناتھا کہ ہم اپنے ملک کو بچانے کیلئے درخت لگا رہے ہیں،شجرکاری مہم کا مقصدماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہے ،ہماراملک ساتویں نمبرپرہے جس کو ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ ہے،200 پوائنٹس پر آج پودے لگائے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم نے5 سال میں پاکستان کو ہرا کر دینا ہے،جہاں بھی خالی جگہ ملے گی وہاں پودے لگائے جائیں گے۔